Explore a variety of quality courses and gain great skills in Islamic Education

Sheikh Noman Naeem
Message
اسلامی تعلیمات کی بنیاد عقل کی بجائے وحی پر ہے اور وحی کے بغیر عقل گمراہ ہے، اس لیے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے بنیادی مقاصدی میں سے ایک اہم مقصد یہ ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے بنائے جائیں جن میں ایسا تعلیمی نظام ہو ، جس میں طلبہ کی عملی تربیت ، اعلی اسلامی اقدار اور شعار کے مطابق ممکن ہو، تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کام کرتے ہوئے معاشرے میں اہم کرادا ادا کرسکیں ، اس لیے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور ہر آنے والے جدید دور کے لیے اس کی تعلیمات یقینی طور پر قابل عمل ہیں۔
جدید دور کا یہ تقاضا ہے کہ ایسے علمائے کرام تیار کیے جائیں جو جدید نظاموں کا پورا ادراک رکھتے ہوں، پیشہ ورانہ صلاحیتو ں سے لیس ہوں اور شرعی اصولوں پر کار بند رہتے ہوئے دینی علوم پر دسترس حاصل کرسکیں اور جدید تقاضوں کے مطابق دینی اداروں میں حسن انتظام اور نظم وضبط قائم کرسکیں۔ اس بات کی بھی اشد ضرورت ہے کہ دینی مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ ان مدارس دینیہ کے خلاف سازشوں کا ادراک کرسکیں اور اس کا مؤثر انداز میں سد باب کرسکیں۔ مدارس کے پیغام کو صحیح انداز میں عوام تک پہنچاسکیں اور عوام اور مدارس کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرسکیں۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ اس بات کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے کہ ملکی وقومی سالمیت اور تحفظ کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے طلبہ تیار کیے جائیں ، جو وطن عزیز کے وقار اور اس کے تشخص کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کیلیے ذہنی طور پر چوکس اور چاق و چوبند رہیں۔ دین اسلام کے دفاع کیلیے بین الاقوامی پس منظر میں عالمی سطح پر ہونے والی سازشوں اور منفی پروپیگنڈے کا موثر جواب دے سکیں۔ اس پس منظر میں اگر حالات کا جائزہ لیا جائے تو یہ معلوم ہوگا کہ الحمدللہ تقریبا تمام دینی مدارس انہیں خطوط پر درس نظامی اور مختلف تخصصات میں ایسے ہی طلبہ تیار کررہے ہیں۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے درس نظامی کے ساتھ ساتھ تخصصات کی تمام جہتوں میں بھی انقلابی پیش قدمی کی ہے اور اب جامعہ بنوریہ عالمیہ کا یہ عزم ہے کہ اپنے فاضلین، متخصصین اور درس نظامی کرنے والے علمائے کرام کیلیے ایک سالہ پروگرام ’’آن لائن تخصص فی الفقہ والافتاء ‘‘ پیش کیا جائے ۔ اس سلسلے میں ’’جامعہ بنوریہ آن لائن اسلامک ایجوکیشن ‘‘ کے ماہرین کی مشاورت سے دنیا بھر سے مستفید ہونے والے علمائے کرام کیلیے ایک معیاری نصاب تیار کیا گیا ہے، جسے ان شاءاللہ متعلقہ شعبہ جات کے ماہر اساتذہ کی زیرنگرانی شروع کیا جارہا ہے۔ امید واثق ہے کہ ان شاءاللہ یہ ادارہ پوری دنیا میں دینی علوم کی نشرو اشاعت بین الاقوامی معیار کے مطابق ماہر متخصصین تیار کرے گا۔